جنیوا میں عالمی بین الپارلیمانی یونین کا اجلاس
سوئيزرلینڈ کے شہر جنیوا میں عالمی بین الپارلیمانی یونین کا اجلاس شروع ہوگیا جو جمعرات تک جاری رہے گا۔
سحر نیوز/ دنیا: اس انٹرپارلیمنٹری یونین اجلاس میں شرکت کے لئے ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر بھی جنیوا پہنچ چکے ہيں ۔
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اس اجلاس سے خطاب اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے دوران فلسطین اور لبنان کے عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم کو بیان کریں گے۔
محمد قالیباف اپنے خطاب اور ملاقاتوں میں اسلامی استقامت کی حمایت و مدد کی ضرورت پر بھی زور دیں گے۔ انٹرپارلیمنٹری یونین کے اجلاس کا ایجنڈا پرامن و پائیدار مستقبل کے لئے جدید سائنس و ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ہے۔ اس اجلاس میں انٹرپارلیمنٹری یونین کے تمام قانونی اداروں منجملہ بین الپارلیمانی کونسل ، بین الپارلیمانی کونسل کی مستقل چاروں کمیٹیوں اور جوان و خاتون نمائندوں کے سیمینار اور اجلاس بھی منعقد ہوں گے ۔
جنیوا میں انٹرنیشنل پارلیمانی یونین آئی پی یو کے اجلاس کے موقع پر ایشیائی پارلیمانی آرگنائزیشن ، اسلامی ممالک کی پارلیمانی یونین اور بریکس کے رکن ممالک کی پارلیمانوں کے ممبران بھی اپنی خصوصی نشستیں قائم کریں گی ۔