صیہونی فوجیوں کے جانی نقصانات، غزہ جنگ کے آغاز سے اب تک 5200 سے زائد صیہونی فوجی زخمی
غاصب صیہونی حکومت کی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ غزہ کے خلاف جنگ کے آغاز سے اب تک پانچ ہزار دو سو اکسٹھ فوجی زخمی ہو چکے ہیں اور جن میں سے سات سو چوہتر فوجیوں کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔
سحرنیوز/دنیا: غاصب صیہونی حکومت کی جارح فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جنوبی لبنان کے مورچوں پر نو فوجی اور غزہ کی جنگ میں دس فوجی زخمی ہوچکے ہیں جبکہ جنگ کے آغاز سے اب تک پانچ ہزار دو سو اکسٹھ فوجی اور فوجی افسر زخمی ہو چکے ہیں جن میں سے سات سو چوہتر فوجیوں کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ ڈینیئل ہگاری نے کہا کہ دو سو ستتر فوجی اس وقت بھی زیر علاج ہیں جن میں کچھ کی حالت بہت زیادہ بگڑی ہوئی ہے۔
ایک صیہونی بیمہ تنظیم نے بھی اعتراف کیا ہے کہ جنگ کے چودہ مہینوں کے دوران ایک ہزار آٹھ سو دو فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ صیہونی حکومت کی جانب سے ان ہلاکتوں کا اعلان ایسی حالت میں کیا جا رہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں صیہونی فوج کو پہنچنے والے جانی و مالی نقصانات کے حقیقی اعداد و شمار چھپائے جاتے رہے ہیں تاکہ اسرائیلی فوج کا حوصلہ بلند رکھا جا سکے جبکہ تحریک استقامت کے مقابلے میں صیہونی فوجی بالکل بے بس ہو چکے ہیں اور ان میں جنگ کرنے کا جذبہ بالکل ختم ہو چکا ہے اور نتن یاہو حکومت کے دباؤ میں آکر جنگ پر مجبور ہو رہے ہیں اور صیہونی فوجی نفسیات کے مریض ہوتے جا رہے ہیں۔
اس سے قبل صیہونی اسپتال کے ذرائع نے بھی اعلان کیا تھا کہ صیہونی حکام کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ فوج کو پہنچنے والے جانی اعداد و شمار کم کر کے بتائے جائیں یا وہی اعداد و شمار بتائے جائیں کہ جنکا فوج کی جانب سے اعلان کیا جاتا ہے۔