Nov ۱۷, ۲۰۲۴ ۰۹:۳۵ Asia/Tehran
  • فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت میں ایک نئی قرارداد، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے اراکین نے اس تنظیم کی جنرل اسمبلی کی کمیٹیوں میں سے ایک میں فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت میں ایک نئی قرارداد کے مسودے کے لیے ووٹ دیا۔

سحرنیوز/دنیا: اقوام متحدہ کی ایک کمیٹی میں ایک سو اٹھاون ممالک نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں بشمول مشرقی بیت المقدس اور شام کے مقبوضہ علاقے جولان میں موجود عرب آبادی کے قدرتی وسائل پر فلسطینی عوام کی مستقل خودمختاری کو تسلیم کرنے کی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔ اس قرارداد کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی انسانی حقوق اور انسانی امور کی کمیٹی نے منظور کیا اور امریکہ، کینیڈا اور اسرائیل سمیت سات ممالک نے اس قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دیا جبکہ گيارہ ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہيں لیا۔
اس قرارداد کے حق میں ووٹ دینے والے ممالک میں آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، فرانس، جرمنی اور جاپان شامل ہیں۔ اس اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران نے مظلوم فلسطینی قوم کے حق میں ہمیشہ کی طرح اپنی حمایت جاری رکھتے ہوئے اسرائیلی حکومت کی غاصبانہ اور جارحانہ پالیسیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے فلسطین اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی حکومت کی نسل پرستانہ پالیسیوں اور اقدامات نیز غاصبانہ قبضے کے خاتمے کے پیش نظر اس سلسلے میں پیش کی گئی قرارداد کے حق میں مثبت ووٹ دیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اسرائیلی حکومت کو پابند کرے کہ وہ تمام بے گھر فلسطینیوں کو ان کی سرزمین پر واپس جانے اور ان کی جائیداد کو ان کے حوالے کئے جانے کی اجازت دے اور ساتھ ہی مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں تمام مصیبت زدہ افراد کو اس کا معاوضہ ادا کرے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کا یہ اقدام ایک بار پھر فلسطینی عوام کے حقوق کے دفاع اور اسرائیلی حکومت کی جارحیت کی مخالفت میں ایران کی ناقابل تغیر اور ٹھوس پالیسی پر تاکید ہے۔

ٹیگس