مغربی ایشیا کے لئے امریکا اور برطانیہ کا کیا ہےسازشی منصوبہ؟ روس کی خفیہ ایجنسی کا لندن و واشنگٹن پر سنگین الزام
روس نے امریکا اور مغرب پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ مغربی ایشیا اور خاص طور پر شام میں مزید عدم استحکام اور بدامنی پیدا کرنا چاہتا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: روسی خفیہ ایجنسی نے امریکہ اور برطانیہ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ شام میں روسی فوجی چھاونیوں پر دہشت گردانہ حملوں کی تیاری کر رہے ہیں اور لندن و واشنگٹن، مشرق وسطی میں بد امنی و آشوب کو جاری رکھنے کی کوشش میں ہیں۔
اسپوتنک نیوز اینجسی نے روسی خفیہ ایجنسی کے حوالے سے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ لندن اور واشنگٹن نے داعش کے آپریشنل کمانڈروں کو ڈرون طیارے دیئے ہیں تاکہ ان کی مدد سے وہ شام میں روسی چھاونیوں پر حملے کریں۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ کو یہ لگتا ہے کہ اس طرح کے حالات میں وہ اپنے جیو پالیٹیکل مقاصد کی تکمیل جلد کر لیں گے اور علاقے پر ایک منصوبہ بند تسلط کی ان کی خواہش پوری ہو جائے گی۔
روسی خفیہ ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں پائیداری کا سبب سمجھی جانے والی شامی ساحلوں پر روسی چھاونیاں، امریکہ اور برطانیہ کے اس مقصد کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ رپورٹ کے مطابق امریکہ اور برطانیہ اپنے اشتعال انگیز اقدامات سے روس کو شام سے اپنی فوج واپس بلانے پر مجبور کرنا اور داعش کے خلاف جنگ کے بہانے مشرقی فرات کے تیل سے مالامال علاقے پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں اور واشنگٹن ان علاقوں کو شام کو واپس کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔
واضح رہے اس سے قبل مغربی ذرائع ابلاغ نے سیٹیلائٹ سے لی گئی تصویروں کے سہارے یہ دعوی کیا تھا کہ روس شام سے اپنے فوجی ساز و سامان افریقہ منتقل کر رہا ہے۔