غزہ میں جنگ بندی، اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا
غزہ میں جنگ بندی کیلئے امریکا، مصر اور قطر کی ثَالثی کمیں کوششیں جاری ہیں۔
سحر نیوز/ دنیا: غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی نمائندہ برائے مشرق وسطیٰ اسٹیووٹکوف نے اسرائیل کا دورہ کیا اور اس ملک کےوزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کی جس میں غزہ جنگ بندی معاہدہ کرنے پر بات چیت کی گئی۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے جنگ بندی مذاکرات کیلئے موساد کے سربراہ کو قطر بھیج دیا، اسرائیل کے فوجی اور سیاسی مشیر بھی قطر پہنچ رہے ہیں، موساد سربراہ قطری حکام سے جنگ بندی سے متعلق بات کریں گے۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ جنگ بندی مذاکرات میں پیشرفت کا امکان ہے، جنگ بندی مذاکرات کے بعد فوجیوں کا انخلا یقینی بنایا جائے گا۔
دوسری جانب حماس کے ایک اعلی عہدیدار نے انکشاف کیا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے لئے صہیونی حکومت کے ساتھ معاہدے کا حتمی متن تیار کرلیا گیا ہے اور منظوری کے بعد یہ معاہدہ 24 گھنٹوں کے اندر نافذ کر دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق حالیہ مذاکرات ماضی سے بالکل مختلف ہیں۔ فریقین اور ثالثی کمیٹیوں نے معاہدے کا حتمی مسودہ تیار کرلیا ہے۔
حماس کے اعلی اہلکار نے مزید کہا کہ ثالثی کرنے والے ممالک نے ضمانت دی ہے کہ انسانی امداد اور طبی سامان بغیر کسی پابندی کے غزہ کے تمام علاقوں میں پہنچایا جائے گا۔
حماس کے عہدیدار نے کہا کہ اس معاہدے کے نافذ ہونے کے ساتھ ہی تباہ شدہ علاقوں کی تعمیر نو کا عمل بھی شروع ہوجائے گا۔