غزہ میں جنگ بندی معاہدے کا اعلان، وسیع پیمانے پر عالمی ردعمل
غزہ میں عارضی جنگ بندی کے باضابطہ اعلان پر رد عمل کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔
سحرنیوز/دنیا: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہےکہ ایران کی وزارت خارجہ غزہ میں جنگ بندی پر جو پوری تاریخ میں سب سے بڑی نسل کشی کے سامنے فلسطین و غزہ کے عوام کی بے مثال استقامت کا نتیجہ ہے، مبارکباد پیش کرتی ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پندرہ مہینے سے غزہ میں جاری وحشیانہ جارحیت اور نسل کشی کا سلسلہ سامراجی طاقتوں کی حمایت سے آٹھ عشرے قبل شروع ہوا تھا۔ ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں صیہونی حکام پر غزہ میں جرائم کی وجہ سے عالمی عدالت میں مقدمہ چلائے جانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
پاکستانی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ پاکستان کو امید ہے کہ موجودہ معاہدہ، ایک مستقل جنگ بندی کے معاہدے اور فلسطینیوں کے لئے امداد میں اضافے کا باعث بنے گا۔پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیل کی توسیع پسندی سے پورے علاقے میں عدم استحکام پھیل گیا ہے۔
ایران و پاکستان کے علاوہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، اردن، لبنان عراق، مصر، برطانیہ، بلجيئم، فرانس، سویڈن، ہالينڈ، ناروے، اٹلی، اسپین، آئرلینڈ، فن لینڈ ، اسکاٹ لینڈ ، وینزوئيلا، کنیڈا ، بولیویا، برازیل اور امریکہ نے بیانات جاری کرکے غزہ میں جنگ بندی کا خیر مقدم اور اس کی حمایت کی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹرش نے بھی غزہ میں جنگ بندی پر پوری طرح سے عمل در آمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے خلاف جنگ کے نتیجے میں ہونے والی تباہی اور فلسطینیوں کی اموات کے المیہ کا جواز کسی بھی طرح سے پیش نہيں کیا جا سکتا۔