امریکی جنگي طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا کے مختلف علاقوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکہ کے جنگی طیاروں نے یمن کے بنی حشیش ، الحصن اور ہمدان علاقوں پر بمباری کی ہے۔ امریکہ کے جارح جنگی طیاروں نے صنعا کے بنی مطر علاقے کو کئی بار حملے کا نشانہ بنایا۔ میڈيا ذرائع نے کچھ دیر قبل رپورٹ دی تھی کہ امریکی جنگی طیاروں نے صوبہ صنعا کے کچھ علاقوں پر بمباری کی ہے۔ امریکہ کے جنگي طیاروں نے صوبہ صعدہ کے سحار علاقے پر بھی چار بار بمباری کی ہے۔ امریکہ اور برطانیہ ، صیہونی حکومت کی حمایت میں پندرہ مارچ دوہزار پچیس سے یمن کے خلاف فضائی حملے اور بمباری کر رہے ہيں اور اس ملک کے رہائشی اور فوجی مراکز کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان حملوں کے باوجود یمن کی مسلح افواج، غزہ کے فلسطینیوں کی حمایت میں بحیرہ احمر اور بحر ہند میں صیہونی حکومت اور امریکہ کے جنگی جہازوں پر حملے کر رہی ہيں اور اب تک متعدد امریکی ڈرون تباہ کر چکی ہیں۔