May ۲۱, ۲۰۲۵ ۱۰:۳۸ Asia/Tehran
  •  ہم یمن میں انصاراللہ کو ختم کرنے میں ناکام رہے؛ امریکی وزیردفاع کا بڑا اعتراف

امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسٹ نے تسلیم کیا ہے کہ شدید فضائی بمباری کے باوجود امریکہ یمن میں انصاراللہ کو ختم کرنے میں ناکام رہا ہے۔

سحرنیوز/دنیا: امریکی وزیرجنگ پیٹ ہیگسٹ نے کہا ہے کہ یمن میں انصاراللہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوسکتی اور امریکہ کو اپنی تمام تر توانائی اور وسائل یمن میں حکومت کی تبدیلی پر صرف نہیں کرنے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنا وقت صرف حوثیوں کے ساتھ جنگ میں نہیں گزار سکتے۔ ہمیں اپنی اہم ترین ترجیحات یعنی ایران اور چین، کو نظرانداز نہیں کرنا چاہئے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ ہماری حالیہ کارروائیوں کا مقصد حوثیوں کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنا تھا تاہم اس میں کامیابی نہیں مل سکی۔
انہوں نے امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ٹرومن کی علاقے سے واپسی سے چشم پوشی کرتے ہوئے دعوی کیا کہ اب امریکی بحری بیڑے باب المندب کی آبی گزرگاہ سے زیادہ آزادی کے ساتھ گزر سکتے ہیں۔ہیگسٹ نے کہا کہ امریکی صدر کا موقف واضح ہے کہ حوثیوں کی طرف سے امریکی جہازوں پر حملوں کا جواب ضرور دیا جائے گا۔
امریکی وزیر جنگ نے چین سے ممکنہ جنگ کے تناظر میں امریکی تیاریوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پینٹاگون میں ہم نے بارہا چین کے ساتھ جنگ کی مشقیں کی ہیں تاکہ ہمیشہ بیجنگ سے ایک قدم آگے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ امریکہ ایشیا و بحرالکاہل پر اپنی توجہ مرکوز کررہا ہے تاہم یورپ اور مشرق وسطی بھی امریکی نگاہوں سے اوجھل نہیں ہے۔
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سامنے امریکی وزیر جنگ نے اپنی ناکامی و ناتوانی کا اعتراف ایسے وقت میں کیا کہ اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ نے انضاراللہ سے جنگ بندی کی بات کرتے ہوئے یمنی مجاہدین کی بہادری و شجاعت کا اعتراف کیا تھا اور کہا کہ امریکہ اپنی طاقت کے بل پر یمن کو سر تسلیم کرنے پر مجبور کرنے میں ناکام رہا ہے اور یمنی لوگ بہت شجاع و بہادر اور نڈر ہیں جو کسی طاقت سے خوف زدہ نہیں ہوتے۔

ٹیگس