لندن کے تل ابیب کے ساتھ تجارتی مذاکرات منسوخ، لندن میں اسرائیلی سفیر طلب
برطانوی وزیر خارجہ نے غزہ کے مظلوم عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے مسلسل جرائم کی وجہ سے تل ابیب کے ساتھ لندن کے آزاد تجارتی مذاکرات کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا جب کہ لندن نے احتجاجا اسرائیلی سفیر کو طلب کیا۔
سحرنیوز/دنیا: برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے مسلسل جرائم کے ردعمل میں غاصب رژیم کے ساتھ نئے تجارتی معاہدے پر مذاکرات معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوجی کارروائیوں میں توسیع غزہ میں قیدیوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالتی ہے۔ غزہ میں اسرائیل کی موجودہ جنگی پالیسی کو جاری رکھنا ممکن نہیں، وہاں شہری بھوک، بے گھری، بمباری اور مصائب کا سامنا کر رہے ہیں جن کی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم غزہ کی پٹی کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر خاموش نہیں رہ سکتے، اسی لئے اسرائیل کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے پر اپنے مذاکرات کو معطل کر دیا ہے، اگر اسرائیل اپنا راستہ جاری رکھتا ہے تو ہم دیگر اقدامات کو ایجنڈے پر رکھیں گے۔