یورپی ملک مالٹا نے فلسطین کو ایک خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کردیا
سحرنیوز/دنیا:میڈیا ذرائع کے مطابق اتوار کو یورپی ملک مالٹا کے وزیر اعظم رابرٹ ابیلا نے آئندہ مہینے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔
میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا کہ مالٹا کے وزیر اعظم کی جانب سے یہ اعلان ایک سیاسی تقریب کے دوران کیا گیا، جس میں انہوں نے مقامی اور عالمی مسائل پر بات کی اور غزہ میں جاری انسانی بحران پر خاص توجہ دی۔
مالٹا کے وزیر اعظم رابرٹ ابیلا کا کہنا تھا کہ انسانیت سوز المیے پرآنکھیں بند نہیں کرسکتے، فلسطین کو ریاست تسلیم کرنا اخلاقی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اسرائیل فلسطین تنازع پر بیس جون کو ہونے والی اقوام متحدہ کانفرنس کے بعد فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیں گے۔مالٹا پچھلے سال اپریل میں فلسطین کو اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت دینے کے حق میں سکیورٹی کونسل میں ووٹ دے چکا ہے تاہم ابھی تک اس نے باضابطہ طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم نہیں کیا تھا۔
واضح رہے کہ اب تک اقوام متحدہ کے ایک سو ترانوے میں سے ایک سو سینتالیس رکن ممالک فلسطین کو ایک خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کر چکے ہیں۔