نیتن یاہو کی پالیسیوں کے خلاف تل ابیب میں ایک بار پھر مظاہرے
نتن یاہو کابینہ کی جنگ پسندانہ پالیسیوں کے خلاف ایک بار پھر صیہونی آبادکاروں نے مقبوضہ فلسطین میں سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا۔
سحرنیوز/دنیا: فلسطینی ذرائع کے مطابق صیہونی آباد کار سڑکوں پر نکل کر نیتن یاہو کابینہ کے خلاف نعرے لگائے اور صہیونی قیدیوں کی رہائی کے لیے فلسطینی مزاحمت کے ساتھ معاہدے کا مطالبہ دہرایا۔ مقبوضہ فلسطین کے حیفا شہر میں مظاہرین نے حکومت کے خلاف جم کر نعرے بازی کی اور کہا کہ نیتن یاہو نے صیہونی حکومت کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ صیہونی میڈیا کا کہنا ہے کہ مشرقی تل ابیب کےبیتح تیکفا کے علاقے میں صیہونیوںکا یہ مظاہرہ پولیس کے ساتھ جھڑپوں کی شکل اختیار کر گیا جہاں صیہونی پولیس نے مظاہرین کو قابو میں کرنے کے لئے طاقت کا استعمال کیا۔
دوسری جانب صہیونی قیدیوں کے اہل خانہ نے تل ابیب میں اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ نیتن یاہو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے ان قیدیوں اور اپنے فوجیوں کو قربان کر رہے ہیں اور وہ جنگ کو ایک "ابدی جنگ" میں تبدیل کر کے غزہ میں فوجی آپریشن کا دائرہ بڑھا رہے ہیں۔ صیہونی قیدیوںکے اہل خانہ نے قیدیوں کے تبادلے کے لئے ہو رہے مذاکرات کے دوران دوحہ میں حماس کے رہنماؤں پر اسرائیلی جارحیت کو ہدف تنقید بنایا اور اُسے صہیونی قیدیوں کی زندگیوں کے ساتھ "جوا" کھیلنے سے تعبیر کیا۔