Nov ۰۱, ۲۰۲۵ ۲۰:۲۵ Asia/Tehran
  • امریکہ: شٹ ٹاؤن سے لوگ پریشان، صدر ٹرمپ اپنے شاہی شوق پورے کرنے میں مصروف

امریکہ میں جہاں سرکاری شٹ ٹاؤن کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے حد پریشان ہیں لیکن ملک کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے شاہی شوق پورے کرنے میں مصروف ہیں اور اطلاعات کےمطابق 30 کروڑ ڈالر سے نیا بال روم بنوا رہے ہیں۔

سحرنیوز/دنیا: ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کی سابق نائب صدر کملا ہیرس نے صدر ٹرمپ پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب ملک کے غریب کنبے مشکل میں ہیں، ٹرمپ ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے اپنے شاہی شوق پورے کر رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق امریکہ میں تقریباً ایک ماہ سے سرکاری شٹ ڈاؤن جاری ہے جس کی وجہ سے لاکھوں افراد مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں لیکن امریکی صدر ٹرمپ اپنے ملک کے لاکھوں افراد کی مشکلات کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنے عالیشان تعمیراتی کاموں میں مصروف ہیں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق وہائٹ ہاؤس میں 30 کروڑ ڈالر کے خرچ سے ایک عظیم الشان نیا بال روم تیار ہو رہا ہے، اسی سلسلے میں امریکہ کی سابق نائب صدر کملا ہیرس نے ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

کملا ہیرس نے کہا ہے کہ "جب ملک کے غریب کنبے مشکل میں ہیں، ٹرمپ ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے اپنے شاہی شوق پورے کر رہے ہیں، یہ انتہائی نامناسب ہے۔ صرف نیا بال روم ہی نہیں بلکہ صدر ٹرمپ نے وہائٹ ہاؤس کے لنکن باتھ روم کو بھی پوری طرح نئی شکل دے دی ہے۔" سابق نائب صدر اور ناکام صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر کچھ تصویریں بھی شیئر کی ہیں اور بتایا ہے کہ اب یہ باتھ روم سنگ مرمر اور سونے کی سجاوٹ سے چمک رہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ وہائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کے ذریعہ کی جا رہیں تبدیلیوں پر اب بحث شروع ہو گئی ہے۔ ان کے حامی کہتے ہیں کہ ٹرمپ تاریخی وراثت کو نئی زندگی دے رہے ہیں جبکہ ان کے ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ نمائش اور شوق کا مظاہرہ ہے۔ کئی تجزیہ کار کہتے ہیں کہ سرکاری شٹ ڈاؤن اور معاشی دباؤ کے درمیان ایسے شاہی طرز والے کام عوام کو غلط پیغام دیتے ہیں۔

 

ٹیگس