Apr ۰۸, ۲۰۱۹ ۰۹:۵۲ Asia/Tehran
  • سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو دہشتگرد قرار دینے پر امریکہ کو انتباہ

ایران کے وزیر خارجہ نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کی سازش پر سخت رد عمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ امریکہ دانستہ طور پر دلدل میں پھنسنا چاہتا ہے اور یہ امریکہ کیلئے کسی نئے المیے سے کم نہیں ہو گا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اتوار کے روز اپنے ٹوئٹ میں  صیہونی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کے حامی گروہوں کی کوششوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئےکہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی (IRGC) کو بیرونی دہشتگرد تنظیم متعارف کرنے والے سازشی عناصر امریکہ کو پھنسانا چاہتے ہیں اور اگر امریکی صدر ٹرمپ ان کی چال میں آگئے توواشنگٹن دلدل میں پھنس جائے گا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ جو لوگ اپنے ملکی مفاد سے بڑھ کرنیتن یاہو کے مفاد کو عزیز سمجھتے ہیں وہ ہمیشہ سے آئی آر جی سی کو دہشتگردوں کی فہرست میں ڈالنے کی سوچ میں لگے رہتے ہیں اور وہ خطے میں امریکی فورسز کو درپیش اس کے خطرناک انجام سے بھی آگاہ ہیں.

محمد جواد ظریف نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ کو کسی نئے المیے میں ڈالنے سے پہلے حقیقی صورتحال کو سمجھ  لینا چاہئے ۔

دوسری جانب اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل محمد علی جعفری نے امریکہ کی طرف سے سپاہ کا نام دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کی کسی بھی حماقت سے اس کا موجودہ علاقائی امن و سکون سلب ہوجائے گا۔

جنرل جعفری نے امریکی اقدام کے خلاف سپاہ کے رد عمل کے بارے میں کہا کہ اگر امریکہ نے ایرانی قوم کے مفادات اور اس کی سکیورٹی کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائےگا۔

 

ٹیگس