Feb ۱۷, ۲۰۱۶ ۱۳:۳۹ Asia/Tehran
  • حزب اللہ ہر جارحیت کے مقابلے کے لئے مکمل تیار ہے۔ نصراللہ

حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے صیہونی حکومت اور دوسری جارح طاقتوں کی ہر قسم کی جارحیت کے لئے مقابلے کے لئے مکمل آمادگی کا اعلان کیا ہے۔

حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے منگل کی رات حزب اللہ کے سابق سربراہ شہید عباس موسوی ، اور اس تحریک کے جانباز مجاہدین شہید شیخ راغب حرب اور شید عماد مغنیہ کی یاد میں منعقدہ ایک مجلس سے خطاب میں کہا کہ حزب اللہ کے پاس جو دفاعی وسائل موجود ہیں وہ غاصب صیہونی حکومت کو ختم کرنے کے لئے کافی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کو اچھی طرح معلوم ہے کہ حزب اللہ کے پاس ایسے میزائل موجود ہیں جن سے غاصب حکومت کے زیر قبضہ ہر علاقے کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

انھوں نے علاقے کے حالات کو غاصب صیہونی حکومت کے حق میں تبدیل کرنے کے لئے بعض عرب حکومتوں کی سازشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بعض رجعت پسند عرب حکومتیں غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ مل کے اس خطے میں شیعہ اور سنی مسلمانوں کے درمیان اختلاف و تفرقہ ڈالنے میں مصروف ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ صیہونی حکومت سعودی حکومت اور ترکی سے رابطے میں ہے ۔

سید حسن نصراللہ نے کہا کہ ترکی اور سعودی عرب علاقائی جنگ شروع کرانے کی فکر میں ہیں اسی بنا پر بحران شام کے پر امن حل کے ہر منصوبے اور نقشہ راہ کو مسترد کردیتے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ شام میں دہشت گردوں کی مسلسل شکست کے بعد ترکی اور سعودی حکومت نے نام نہاد داعش مخالف اتحاد کر پرچم تلے شام میں زمینی فوج بھیجنے کا پروگرام بنایا ہے۔

سید حسن نصراللہ نے یمن پر سعودی حکومت کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار دستے سعودی جارحیت کے مقابلے میں قابل فخر رزمیہ کار نامے انجام دے رہے ہیں۔

ٹیگس