مچھ میں کان کنوں کے قتل عام کے خلاف دھرنا اور احتجاج
بلوچستان کے علاقے مچھ میں کان کنوں کے قتل عام کے خلاف دھرنا دیا گیا اور کوئٹہ اور کراچی سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے مچھ میں کان کنوں کے قتل کے واقعے کے خلاف کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پر عوام نے دھرنا دیا اور شیعہ مسلمانوں کے قتل عام کو روکنے اور دہشتگرد گروہوں پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پرمجلس وحدت مسلمین کے رہنماء آغا محمد رضا کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت قاتلوں کو فوری گرفتار کرے یا مستعفی ہو جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم خود کوئٹہ آئیں، غم زدہ خاندانوں کی دل جوئی کریں۔
کوئٹہ کی طرح کراچی میں بھی شیعہ مسلمانوں کے متعدد افراد کے سفاکانہ قتل عام کے خلاف احتجاج کیا گیا۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کراچی نمائش چورنگی پر بلوچستان میں شیعہ ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کے سفاکانہ قتل عام کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے واقعہ کی شدید مذمت کی اور کہا کہ تکفیری دہشتگردوں نے بے گناہ محنت کشوں کے ساتھ خون کی ہولی کھیل کر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایک بار پھر للکارا ہے، وطن عزیز میں دہشت گردانہ کارروائیوں کا سب سے زیادہ شکار اہل تشیع ہوئے ہیں، مذہبی منافرت کا پرچار ہو یا شدت پسندی کی لہر، آخر ہمیں ہی کیوں آسان ہدف سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے ذمہ دار ادارے کالعدم دہشتگرد جماعتوں سمیت ان شخصیات کے خلاف بھرپور کارروائی کریں، جو نفرت و تفرقہ کا بیج بو کر ملک یا مختلف مسالک کے خلاف نوجوانوں کی ذہن سازی میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم ماضی کی طرح آج بھی متحد ہے، حکومت کو ملک دشمنوں کی بیخ کنی کیلئے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے، تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل ہو سکیں
قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کوئٹہ کے علاقے مچھ میں 11 مزدوروں کے بہیمانہ قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے ظالم اور سفاک درندہ صفت عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے پوری ریاستی طاقت بروئے کار لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی یہ واردات ہر اعتبار سے قابل مذمت ہے۔
انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان (ایچ آرسی پی) نے بھی مچھ میں کان کنوں کے قتل کی سخت مذمت کی اور واقعے میں ملوث دہشت گردوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں کوئلہ فیلڈ میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے 11 کان کن شہید ہوئے۔ داعش نے واقعےکی ذمہ داری قبول کی۔