Nov ۳۰, ۲۰۱۸ ۱۱:۲۰ Asia/Tehran
  • سعودی صحافی قتل پر 17 سعودی شہریوں پر کینیڈا میں پابندی

کینیڈا نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث سعودی عرب کے 17 شہریوں پر پابندیاں لگادی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث سعودی عرب کے 17 شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی لگادی ہے۔ کینیڈین وزیر خارجہ کرسٹیا فری لینڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جن سعودی شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی لگائی گئی ہے ان کے اثاثوں کو بھی منجمد کردیا جائے گا۔

کینیڈا کی وزیر خارجہ کرسٹیا فری لینڈ کا کہنا ہے کہ کینیڈین حکومت کے مطابق جن سعودی شہریوں پر پابندی لگائی گئی ہے، یہ تمام افراد جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث ہیں جب کہ ہمیں سعودی صحافی کے قتل کے ذمہ داران کو ہر صورت میں گرفتار کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا اور فرانس سمیت دیگر ممالک بھی سعودی شہریوں پر پابندیاں عائد کرچکے ہیں۔ سعودی صحافی جمال خاشقجی کو ترکی میں سعودی قونصل خانے میں قتل کردیا گیا تھا جب کہ سعودی عرب نے موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ صحافی کی موت ہاتھا پائی کے دوران ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ قتل میں سعودی ولیعہد بن سلمان ملوث ہیں تاہم اسے امریکہ کی حمایت حاصل ہے اس لئے ان کے خلاف کسی بھی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

ٹیگس