تجارتی استثنیٰ کےخاتمے پر ہندوستان کا امریکہ کو کرارا جواب
ہندوستان نے امریکہ کو اسی کی زبان میں جواب دیتے ہوئے امریکہ کو دن میں تارے دکھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدرٹرمپ کی جانب سے ہندوستان کو حاصل تجارتی استثنیٰ ختم کرنے پر ہندوستان نے جواباً 28 امریکی مصنوعات پر اضافی ٹیکس عائد کردیئے۔
ہندوستان نے امریکا کے بادام، اخروٹ اور سیب سمیت 28 درآمدی اشیاء پر ڈیوٹی کی مد میں ٹیکس کی شرح پر اضافہ کردیا، ہندوستان کیلی فورنیا کے بادام اور واشنگٹن کے سیبوں کی دنیا بھر میں دوسری بڑی مارکیٹ ہے۔
اس حوالے سے ہندوستانی وزارت خزانہ کی جانب سے ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں امریکا سے درآمد ہونے والی 28 اشیاء پر ڈیوٹی ٹیکس میں اضافے کا اعلان کیا گیا ہے جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، پہلی فہرست میں 29 اشیاء تھیں تاہم بعد میں کیکڑے کی ایک قسم کو اس فہرست سے نکال دیا گیا تھا۔
ہندوستان نے 28 امریکی مصنوعات پر اضافی محصولات صدر ٹرمپ کی جانب سے ہندوستان کو حاصل خصوصی تجارتی مراعات کی حیثیت ختم کرنے کے ردعمل میں کیے ہیں جس سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تناؤ میں اضافہ ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ یکم جون کو امریکا نے ہندوستان کو حاصل خصوصی تجارتی حیثیت کو ختم کردیا تھا جس پر ہندوستان نے شدید برہمی کا اظہار کیا تھا اور امریکی مصنوعات پر اضافی ٹیکس بھی اسی تناظر میں عائد کیا گیا ہے۔