Jan ۲۶, ۲۰۲۱ ۱۰:۳۵ Asia/Tehran
  • یوم جمہوریہ کے موقع پر کشمیر میں ہڑتال، کسانوں کی ٹریکٹر ریلی

کشمیر میں یوم جمہوریہ کے موقع پر ہڑتال ہے، موبائل انٹرنیٹ خدمات معطل ہیں اور کسان ٹریکٹر ریلی نکال رہے ہیں۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں اس ملک کے 72 ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے پیش نظر تمام مواصلاتی کمپنیوں کی موبائل انٹرنیٹ خدمات معطل کردی گئی ہیں۔ جبکہ کشمیر میں آج یوم جمہوریہ پر عام ہڑتال ہے یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

26جنوری کے موقع پر ہائی الرٹ کے بیچ وادی میں جامع تلاشیوں کا سلسلہ جاری رہے ۔ شہر سرینگر میں پولیس اور فورسز چھوٹی بڑی گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لے رہی ہیں۔ جبکہ سول سیکریٹریٹ، اولڈ سیکریٹریٹ، فلائی اوور اور اسمبلی ہاوس کیساتھ ساتھ دیگر اہم سرکاری و غیر سرکاری تنصیبات کو ایک روز قبل ہی فورسز نے اپنی تحویل میں لے لیا تھا اور پیر 3 بجے کے بعد سی آر پی ایف کی بھاری نفری حساس علاقوں میں تعینات کر دی گئی تھی ۔ اس کے علاوہ جموں میں بھی سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں اور کئی روز قبل ہی ہوٹلوں اور دیگر جگہوں کی تلاشیاں لینے کے علاوہ خفیہ کیمروں کو بھی متحرک کیا گیا اور26 جنوری کی مناسبت سے اہم تنصیبات اور عمارتوں پر سیکورٹی کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ہریانہ ،راجستھان ،پنجاب ، یوپی سمیت کئی ریاستوں سے قافلوں کی دارالحکومت دہلی کی سمت آمد جاری ہے، حکومت نے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کر رکھی ہیں لیکن کاشتکار کسی رکاوٹ کو خاطر میں نہیں لا رہے، مظاہرین نے مودی سرکار کے سامنے جھکنے سے انکار کر دیا۔ کسان زرعی قوانین واپس لینے کے مطالبہ پر قائم ہیں۔

ٹیگس