کشمیرمیں 6 عسکریت پسند جاں بحق
جموں و کشمیر میں دو الگ الگ انکاونٹرز میں 6 عسکریت پسند جاں بحق اور ایک فوجی ہلاک ہوا۔
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے اننت ناگ میں آج صبح 2 عسکریت پسندوں کے جاں بحق ہونے کے ساتھ ہی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہندوستان کی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے اننت ناگ اور کولگام میں جاں بحق ہونے والے عسکریت پسندوں کی تعداد 6 ہو گئی۔
پولیس کے ترجمان نے دعوی کیا کہ جنوبی کشمیر میں بدھ کی شام سے دو الگ الگ جھڑپوں میں جیش محمد کے چھ عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تصادم میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ عسکریت پسندوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر سنٹرل ریزرو پولیس فورس اورپولیس نے شاہ آباد، دورو کے نوگام گاوں میں تلاشی مہم شروع کی اسی دوران ان کے اور دہشت گردوں کے مابین تصادم ہوگیا۔