Jan ۰۱, ۲۰۲۲ ۰۸:۵۸ Asia/Tehran
  • کشمیر: ماتا ویشنو دیوی مندر میں بھگدڑ سے 32 افراد ہلاک و زخمی

بھگدڑ کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائی شروع کر دی گئی۔

ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں سنیچر کی صبح ماتا ویشنو دیوی مندر (Mata Vaishno Devi Bhawan) میں بھگدڑ کے بعد کم از کم 12 لوگوں کی موت ہو گئی، وہیں 20 افراد زخمی ہیں جنھیں قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس سے اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔

بھگدڑ کے بعد جموں وکشمیر انتظامیہ نے اگلے احکامات تک ماتا ویشنو دیوی یاترا کو روک دیا ہے۔

جموں و کشمیر کے کٹرا کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کے بلاک میڈیکل آفیسر ڈاکٹر گوپال دت  کا کہنا ہے کہ ماتا ویشنو دیوی بھون میں بھگدڑ  سے مرنے والوں میں دہلی، ہریانہ، پنجاب اور جموں و کشمیر کے لوگ شامل ہیں۔

ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ماتا ویشنو دیوی بھون میں مچی بھگدڑ میں لوگوں کی موت سے بہت دکھی ہوں۔

مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے ٹویٹ کیا، "وزیر اعظم نریندر مودی ماتا ویشنو دیوی مندر میں بھگدڑ کے واقعے کے بعد ہونے والی افسوسناک صورتحال کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد اور مدد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ کٹرا میں ماتا ویشنو دیوی بھون میں بھگدڑ میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 2 لاکھ روپے کی امداد دی جائے گی۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ صبح تقریباً 2 بجکر 45 منٹ پر پیش آیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق کچھ لوگوں میں جھگڑا ہو گیا جس کے بعد ہاتھا پائی شروع ہو گئی جو بھگدڑ میں بدل گئی۔

ٹیگس