بابری مسجد کے بعد اب گیان واپی مسجد انتہاپسند ہندوؤں کے نشانے پر
بنارس کی تاریخی گیان واپی مسجد میں ویڈیو گرافی کا کام جاری ہے۔
ہندوستان میں انتہا پسندوں نے تاریخی بابری مسجد کو شہید اور اس کی جگہ پر رام مندر بنانے میں کامیابی کے بعد اب ایک اور تاریخی مسجد کو بھی اسی انجام سے دوچار کرنے کے منصوبے پر کام شروع کردیا ہے۔
انتہا پسند ہندووں نے تاریخی گیان واپی مسجد میں پوجا کی اجازت دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے اور ان کی درخواست پر بنارس کی ایک عدالت نے گزشتہ دنوں مسجد کے اندر سروے کا حکم دیا تھا۔ مسلمانوں نے سروے روکنے کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے لیکن ہندوستانی عدالت عظمی نے سروے روکنے کا حکم صادر کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
تازہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اس سروے کے تحت تاریخی گیان واپی مسجد کے اندر ویڈیو گرافی کا سلسلہ اتوار کو دوسرے دن بھی جاری رہا۔ اس رپورٹ کے مطابق مسجد کی اسّی فیصد ویڈیو گرافی پوری ہو چکی ہے ۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ گیان واپی مسجد کی ویڈیو گرافی کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔
اتوار کو مسجد کے اوپری حصے کی ویڈیو گرافی کی گئی ہے جبکہ سنیچر کو مسجد کے تہہ خانوں کا سروے اور ویڈیو گرافی کی گئی تھی ۔