کشمیر میں تصادم، ایک ہلاک تین زخمی
کشمیر کے اننت ناگ میں سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان مڈبھیڑ میں تین فوجی اور ایک شہری زخمی ہو گئے۔
سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں رات بھر جاری رہنے والے تصادم میں حزب المجاہدین کے ایک کمانڈر کے مارے جانے کی خبر ہے جب کہ تین فوجی اہلکار اور ایک شہری زخمی بھی بتائے جاتے ہیں۔
کشمیر کے انسپکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار نے اپنے ٹویٹ میں دعوی کیا کہ ایک کالعدم تنظیم کا کمانڈر ایچ ایم نثار کھانڈے مارا گیا جس کے قبضے سے مجرمانہ مواد، اسلحہ اور گولہ بارود بشمول 1 اے کے 47 رائفل کو برآمد کیا گیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ یہ جھڑپ جمعہ کی شام اننت ناگ کے رشی پورہ علاقے میں شروع ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ عسکریت پسندوں کے ساتھ ابتدائی فائرنگ کے تبادلے میں تین فوجی اہلکار اور ایک شہری زخمی ہو گئے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اونتی پورہ میں فوجی اہلکاروں کے ہاتھوں دو عسکریت پسند مارے گئے تھے۔ اس کے ساتھ ہی، چند روز قبل ضلع اننت ناگ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں حزب المجاہدین کے دوعسکریت پسند مارے گئے تھے۔