Nov ۰۱, ۲۰۲۲ ۱۴:۲۰ Asia/Tehran
  • دہلی کی ایک پلاسٹک فیکٹری میں بھیانک آتش زدگی، 2 افراد ہلاک

ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کے علاقے نریلا میں ایک پلاسٹک فیکٹری میں بھیانک آگ لگ گئی جس میں 2 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق دہلی کے صنعتی علاقے نریلا میں واقع ایک پلاسٹک فیکٹری میں منگل کی صبح آگ لگ گئی جس میں کم سے کم 2 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق دہلی پولیس نے اس سلسلے میں ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آتش زدگی کا یہ واقعہ جوتے کے ایک کارخانے میں رونما ہوا ہے۔ بیان کے مطابق آتش زدگی کے واقعے میں دو افراد مارے گئے ہیں جن کی شناخت کی جا رہی ہے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے، سبھی زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔

اطلاعات کے مطابق آگ بجھانے والی دس گاڑیاں جائے وقوعہ پہنچیں اور فوراً امدادی کارروائی شروع کر دی۔ حادثے کے وقت کارخانے میں 300 افراد موجود تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ جوتے بنانے والے چار منزلہ کارخانے میں ایک مشین میں دھماکہ ہونے کے بعد دوسری اور تیسری منزل پر آگ لگ گئی۔

خبر لکھے جانے تک آگ بجھانے والے محکمے کی لگائی گئیں سیڑھیوں کے ذریعہ 70 افراد فیکٹری سے باہر آ گئے تھے اور امدادی کارروائی جاری تھی۔

 

ٹیگس