Nov ۰۵, ۲۰۲۲ ۰۸:۴۸ Asia/Tehran
  • شیوسینا لیڈر کے قتل کے بعد مذہبی مقامات اور لیڈروں کی سیکورٹی بڑھا دی گئی

شیوسینا لیڈر کے قتل کے بعد ہندو تنظیموں نے آج پنجاب میں عام ہڑتال کی کال دی۔

ہندوستان کی سیاسی و مذہبی تنظیم شیوسینا لیڈر کے قتل کے بعد ہندو تنظیموں نے آج پنجاب میں عام ہڑتال کی کال دی اجس کے بعد پولیس نے مذہبی مقامات اور لیڈروں کی سیکورٹی بڑھا دی۔

ہندو لیڈر نشانت شرما نے دعوی کیا کہ پنجاب حکومت ہندو لیڈروں کی سیکورٹی کے تئیں لاپرواہی برت رہی ہے، آئے دن ہندو لیڈرو کو نشانہ بنایا جارہا ہے، آج شیوسینک خالصتانی تنظیموں کے نشانے پر ہیں۔

واضح رہے کہ شیوسینا لیڈر سدھیر سوری کے قتل کے واقعہ سے ماحول کافی کشیدہ ہوگیا ہے۔ مشتعل لوگوں نے کئی جگہ توڑ پھوڑ کی ہے۔

ادھر، ابوہر ضلع میں بجرنگ دل ہندوستان نے آج ہفتہ کو بند کا اعلان کیا ہے۔ ابوہر کے پرائیوٹ اسکولوں کی تنظیم راسا نے بھی اسکولوں میں ہفتہ کو چھٹی قرار دے دی ہے۔

امرتسر میں گوپال مندر کے سامنے مظاہرہ کرنے والوں نے آس پاس کی دکانوں میں توڑ پھوڑ کی اور ایک کار کے شیشے بھی توڑ دئیے۔

واضح رہے کہ شیوسینا کے رہنما سدھیر سوری کو جمعہ کو ایک نامعلوم شخص نے امرتسر میں دن دہاڑے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ سدھیر سوری شیوسینا ہندوستان کے سربراہ رہ چکے تھے اور وہ ایک انتہا پسند شخصیت کے طور پر پہچانے جاتے تھے اور وہ فرقہ وارانہ اور اشتعال انگیز بیانات کو لے کر سرخیوں میں رہتے تھے۔

 

ٹیگس