Nov ۱۷, ۲۰۲۲ ۱۱:۳۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان: پتھر کی کان میں بڑا حادثہ، 15 مزدور پھنسے، 12 کی موت

ہندوستان کی ریاست میزورم میں پتھر کی ایک کان میں ہونے والے دردناک حادثے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ 

سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست میزورم میں پتھر کی ایک کان اچانک منہدم ہوگئی جس میں 15 مزدور دب گئے۔ منگل کے روز 8 لاشیں کان سے نکال لی گئی تھیں اور بدھ کے روز مزید 4 لاشیں نکالی گئیں جس کے بعد اس دردناک حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔

میزورم کے ایک اعلیˈعہدیدار نے بتایا تھا کہ پتھر کی کان میں ہونے والے حادثے میں کم سے کم 15 مزدور زندہ دب گئے۔ اطلاعات کے مطابق یہ دردناک حادثہ ریاست کے ہنتھیال ضلع کے مودڑھ گاؤں میں رونما ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک مزدور اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوگیا اور کان سے صحیح سلامت باہر نکل آیا۔

دریں اثنا ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے میزورم میں پتھر کی کان میں ہونے والے اس دردناک حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ نریندر مودی نے مرنے والوں کے لواحقین کو 2-2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو فی کس 50 ہزار روپے دیئے جانے کا اعلان کیا ہے۔

تازہ اطلاعات کے مطابق نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ آئيزول سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق این جی ٹی نے میزورم کے متعلقہ سات عہدیداروں کو 28 نومبر کو ٹریبونل کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

جس علاقے میں یہ کان حادثہ ہوا ہے وہ ریاستی صدر مقام آئیزول سے تقریباً 160 کلومیٹر دور واقع ہے، ایک نجی کمپنی یہاں ایک قومی شاہراہ کی تعمیر کر رہی ہے۔ میزورم ہندوستان کی دوسری سب سے کم آبادی والی ریاست ہے اور بنگلہ دیش اور میانمار سے اس کی سرحدیں ملتی ہیں۔

 

ٹیگس