چابہار بندرگاہ کی اہمیت پر زور
وسطی ایشیا سے تعلق رکھنے والے افغانستان کے ہمسایہ ملکوں کا پہلا سیکورٹی اجلاس نئی دہلی میں منعقد ہوا جس میں علاقائی سلامتی کے حوالے سے جنوبی ایران کی بندرگاہ کو اہم قرار دیا گیا۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان اور وسطی ایشیا کے ملکوں کے قومی سلامتی کے مشیروں کے پہلے اجلاس کے مشترکہ بیان میں جنوبی ایران کی بندرگاہ چابہار کو علاقائی سلامتی کے حوالے سے کلیدی عنصر کے طور پر مد نظر رکھا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی اداروں اور تنظیموں کی جانب سے افغانستان کے عوام کے لیے ارسال کی جانے والی امداد کی ترسیل میں چاربہار کے کلیدی کردار کے پیش اس کوریڈور کو مزید ترقی دینے کی ضرورت ہے۔
اس بیان میں وسطی ایشیا کے ملکوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ شمال جنوب کوریڈور اور عشق آباد میں طے پانے والے انٹرنیشنل ٹرانسپورٹیشن اینڈ ٹرانزٹ معاہدے میں شمولیت کے ساتھ ساتھ ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنائیں۔
اجلاس میں شریک قومی سلامتی کے مشیروں نے افغانستان کی موجودہ صورتحال اور اس کے علاقائی اثرات کے بارے میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور اس ملک میں قیام امن کی بھرپور حمایت جاری رکھنے پر زور دیا ۔
ہندوستان کی میزبانی میں ہونے والے اس اجلاس میں قزاقستان، کرغیزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے قومی سلامتی کے مشیروں نے شرکت کی۔