Dec ۱۴, ۲۰۲۲ ۱۶:۱۷ Asia/Tehran
  • سرحد پر ہند چین جھڑپ کے معاملے پر ہندوستانی پارلیمنٹ میں ہنگامہ

ہندوستان کی ریاست ارونا چل پردیش کے سرحدی علاقے توانگ ایل اے سی پر ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان تصادم کے مسئلے پر بدھ کو ہندوستانی اپوزیشن جماعتوں نے پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں شدید ہنگامہ کیا۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق کانگریس سمیت تقریبا سبھی اپوزیشن جماعتوں نے توانگ میں ایل اے سی پر ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے مابین ہونے والے حالیہ تصادم کے مسئلے پر ایوان میں بحث کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے بدھ کو بھی ہنگامہ کیا اور لوک سبھا سے واک آؤٹ کیا۔
لوک سبھا کا اجلاس شروع ہوتے ہی کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے توانگ تصادم پر تفصیلی بحث کا مطالبہ شروع کر دیا جس پر اسپیکر برلا نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ 
دوسری جانب ایوان بالا راجیہ سبھا میں بھی اپوزیشن اراکین نے توانگ میں ایل اے سی کو مبینہ طور پر چینی فوجیوں کے ذریعے عبور کئے جانے کے مسئلے پر بحث کا مطالبہ، اور اجازت نہ ملنے پر احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ میڈیا میں خبریں آئی ہیں کہ توانگ سرحد پر چینی اور ہندوستانی فوجیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں چھے ہندوستانی فوجی زخمی ہوئے ہیں جبکہ وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے کسی بھی فوجی کے زخمی ہونے کی تردید کرتے ہوئے ایوان میں کہا ہے کہ چینی فوجیوں کو سرحد کے اس پر دھکیل دیا گیا اور مسئلے کو سفارتی سطح پر اٹھایا گیا۔ 

ٹیگس