Feb ۱۵, ۲۰۲۳ ۱۶:۱۴ Asia/Tehran
  •  بی بی سی کے دفاتر پر چھاپوں کا سلسلہ جاری، امریکہ اور برطانیہ کا رد عمل

ہندوستان میں بی بی سی کے دفاتر پرانکم ٹیکس کےچھاپوں کا سلسلہ بدھ کو بھی جاری رہا۔

سحر نیوز/ ہندوستان: خبررساں اداروں نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ ممبئی اور دہلی میں بی بی سی کے دفاتر کی تلاشی بدھ کو بھی لی گئی ۔ 
یاد رہے کہ ہندوستان کے محکمہ انکم ٹیکس نے منگل کو بی بی سی کے دفاتر پر چھاپہ مارا اور کئی گھنٹے تک تلاشی کی کارروائی جاری رکھی تھی ۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ انکم ٹیکس کے اہلکاروں نے اس چھاپے میں بی بی سی کے دفاتر میں کام کرنے والوں کے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر دستاویزات اپنے قبضے میں لے لیں ۔ 
بی بی سی کے دفاتر پر محکمہ انکم ٹیکس کے چھاپوں پر امریکہ اور برطانیہ کا رد عمل بھی سامنے آگیا ہے۔ 
برطانوی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ہندوستان میں بی بی سی کے دفاتر پر محکمہ انکم ٹیکس کے چھاپوں پر اس کی گہری نظر ہے۔ اسی کے ساتھ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہندوستان میں بی بی سی کے دفاتر پر انکم ٹیکس کے چھاپوں کی انہیں خبر ہے ۔ انھوں نے اسی کے ساتھ جمہوریت کے استحکام میں میڈیا کی آزادی کی اہمیت پر بھی زور دیا ۔ 
یاد رہے کہ ہندوستان میں بی بی سی کے دفاتر پر محکمہ انکم ٹیکس نے ایسی حالت میں چھاپے مارے ہیں کہ اس نشریاتی ادارے نے گجرات فسادات سے متعلق دستاویزی فلم میں موجودہ وزیر اعظم اور اس وقت کے گجرات کے وزیر اعلی نریندر مودی کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔

ٹیگس