یوکرین جنگ بھی کورونا کی طرح ہے، ساری دنیا کو متأثر کر دیا: ہندوستانی وزیر اعظم
کورونا کی مانند یوکرین جنگ نے بھی ساری دنیا کو متاثر کیا ہے، یہ بات ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے جرمن چانلسر اولوف شولز سے اپنی ملاقات کے دوران کہی۔
سحر نیوز /ہندوستان: غیر ملکی ذرائع کے مطابق نئی دہلی کے حیدرآباد ہاؤس میں ہوئی اس ملاقات میں ہندوستان اور جرمنی نے اقتصادی تعاون کے نئے مواقع کے سلسلے میں اپنی شراکت داری اور سرمایہ کاری کو بڑھانے اور خوراک اور توانائی کی حفاظت کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
جرمنی نے ہندوستانی ہنرمندوں کے لیے روزگار کے دروازے کھولنے کا بھی اعلان کیا۔
اس موقع پر نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان اور جرمنی کے درمیان مضبوط تعلقات مشترکہ جمہوری اقدار اور ایک دوسرے کے مفادات کی گہری سمجھ پر مبنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور اقتصادی تبادلوں کی ایک طویل تاریخ ہے۔
انہوں نے نئی دہلی اور برلن کے درمیان بڑھتے اقتصادی و غیر اقتصادی تعاون کو دونوں ممالک کے عوام کے لیے فائدہ مند قرار دیا۔
ہندوستانی وزیر اعظم نے اسی طرح نے یوکرین جنگ کو کورونا عالمی وبا سے تشبیہ دی اور کہا کہ یہ بحران گفتگو اور سفارتکاری کے ذریعے حل ہونا چاہئے۔انہوں نے اس ملاقات میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات کے عمل پر بھی زور دیا۔
واضح رہے کہ ہندوستان کی میزانی میں جی ٹوئنٹی ممالک کے رکن ممالک کے وزرائے خزانہ کا اجلاس گزشتہ روز یوکرین جنگ کے سلسلے میں کسی نتیجے تک پہنچے بغیر ختم ہو گیا۔