May ۰۸, ۲۰۲۳ ۰۵:۵۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان: ریاست کیرالا میں کشتی الٹ گئی، 22 افراد ہلاک

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق جنوبی ریاست کیرالا کے ملپورم ضلع میں اتوار کی شام ایک کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں پیر کی صبح تک مرنے والوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق کشتی کا یہ حادثہ کیرالا کے ضلع ملپورم میں واقع تنور ساحل کے قریب پیش آیا۔ اس کشتی پر سیاح سوار تھے اور اب تک 22 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارکنوں نے جائے وقوعہ پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھیں۔ ریاست کے کابینی وزرا امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

ادھر کیرالا کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجیئن نے اس حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں لکھا ہے کہ ملپورم میں تنور کشتی کے المناک حادثے میں جانوں کے زیاں پر گہرا دکھ ہوا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے امدادی کارروائیوں میں مؤثر ہم آہنگی کا حکم بھی دیا ہے۔

دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور مرنے والوں کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کی ہے۔ اتوار کی رات وزیر اعظم کے دفتر سے ایک ٹوئیٹ میں گہا گیا ہے کہ "کیرالا کے ملپورم میں کشتی کے حادثے میں ہونے والے جانی نقصان سے غم زدہ ہوں، سوگوار خاندانوں کے لئے تعزیت پیش کرتا ہوں۔ اس کے ساتھ ہی نریندر مودی نے مرنے والوں کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے کی امدادی رقم دیئے جانے کا بھی اعلان کیا۔

ٹیگس