May ۰۸, ۲۰۲۳ ۰۸:۵۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان؛ کانگریس نے منی پور فسادات کو مرکزی حکومت کی منافرانہ پالیسیوں کا نتیجہ قرار دے دیا

ہندوستان کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے منی پور فسادات کا ذمہ دار مرکزی بی جے پی حکومت کو قرار دیتے ہوئے انہیں حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی نے کہا کہ منی پور میں تشدد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی نفرت کی سیاست کا نتیجہ ہے۔

نئی دہلی میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے اظہار خیال کیا کہ منی پور میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کی وجہ نفرت کی سیاست ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے نفرت کی اس سیاست کے خلاف بھارت جوڑو یاترا شروع کی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی کڑی نکتہ چینی کی کہ ایک طرف منی پور جل رہا ہے اور دوسری طرف وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کرناٹک میں انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔

اس سے قبل مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی منی پور کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرکز سے امن بحال کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ کانگریس کے کمیونیکیشن چیف جے رام رمیش نے الزام لگایا کہ منی پور کے وزیر اعلیٰ محاصرے میں ہیں اور مودی-شاہ کرناٹک کو پولرائز کرنے میں مصروف ہیں۔

کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے بھی دعویٰ کیا کہ منی پور کی صورتحال بی جے پی کی نفرت و تقسیم کی سیاست اور اقتدار کی لالچ کا نتیجہ ہے۔

ٹیگس