Jun ۰۲, ۲۰۲۳ ۲۱:۲۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں ٹرین حادثہ، 50 افراد ہلاک 350 زخمی

ہندوستان کی ریاست اڈیشہ میں بھیانک ٹرین حادثہ ہوا ہے جس میں 50 افراد ہلاک اور 350 زخمی ہوگئے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کی ریاست اڈیشہ میں ایک مال گاڑی اور ایکسپریس ٹرین میں ٹکر ہونے کے نتیجے میں کم از کم 50 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس بھیانک حادثے میں 350 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ حادثہ جمعہ کی شام ہندوستانی وقت کے مطابق تقریبا 7 بج کر 20 منٹ پر رونما ہوا۔ اطلاعات کے مطابق ضلع بالاسور کے بہناگا بازار اسٹیشن کے پاس کورومنڈل ایکسپریس اور مال گاڑی آپس میں ٹکرا گئیں۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ ایکسپریس ٹرین کے 5 ڈبے پٹری سے اتر گئے۔  ٹرین شالیمار اسٹیشن کولکاتا سے چینئی سینٹرل اسٹیشن جا رہی تھی۔ ہندوستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق کم سے کم 50 افراد ہلاک اور 350 زخمی ہوئے ہیں تاہم محکمۂ ریلوے کی طرف سے ابھی اس سلسلے میں اعداد و شمار جاری نہیں ہوئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق تلاش اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں داخل کرادیا گیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق انتظامیہ نے ایک ایمرجنسی کنٹرول روم بھی قائم کیا ہے اور معلومات حاصل کرنے کے لئے کئی ٹیلی فون نمبر جاری کئے گئے ہیں۔

محکمہ ریلوے نے ہلاک شدگان کے اہل خانہ کو دس دس لاکھ جبکہ زخمیوں کو دو دو لاکھ روپے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔

 

ٹیگس