ہندوستان: اندوہناک حادثہ، 15 افراد ہلاک
اتراکھنڈ میں نمامی گنگے پروجیکٹ کے مقام پر اندوہناک حادثہ میں 15 افراد ہلاک ہو گئے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کی ریاست اتراکھنڈ کے چمولی میں دریائے الکنندا کے کنارے ایک ٹرانسفارمر پھٹنے سے ایک پولس افسر سمیت 15 افراد کی موت ہو گئی اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔ پولیس، ایس ڈی آر ایف اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں۔ واقعے کی تحقیقات کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔ قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، اتراکھنڈ نے کہا کہ پولیس سب انسپکٹر اور 5 ہوم گارڈز سمیت تقریباً 15 افراد کی موت ہو گئی ہے۔ تحقیقات جاری ہیں۔ بادی انظر معلوم ہوتا ہے کہ ریلنگ پر کرنٹ تھا اور تفتیش میں مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔ اس حادثہ سے مقامی لوگوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے اور وہ محکمہ توانائی کارپوریشن کے افسران پر ان کی لاپرواہی کا الزام لگا رہے ہیں اور ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔