ہندوستان: شاہی جامع مسجد سمیت دہلی کی 123 جائیدادیں وقف بورڈ سے حکومت واپس لے گی
ہندوستان کی شہری ترقی کی وزارت نے وقف بورڈ کی 123 جائیدادوں کو واپس لینے کا نوٹس جاری کردیا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کی مرکزی حکومت کی شہری ترقی کی وزارت نے وقف بورڈ کی 123 جائیدادوں کو واپس لینے کا نوٹس جاری کیا ہے۔ دہلی کی مشہور جامع مسجد بھی ان جائیدادوں میں شامل ہے جنہیں واپس لیا جانا ہے۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دور حکومت میں دہلی کی شاہی جامع مسجد وقف بورڈ کو دے دی گئی تھی۔ اب حکومت نے دہلی کی 123 اہم جائیدادوں کو واپس لینے کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔
ان123 مقامات میں مساجد، درگاہیں اور قبرستان شامل ہیں۔ زیر بحث جائیدادیں کبھی حکومت کی ملکیت تھیں۔ حالانکہ منموہن سنگھ حکومت کے دوران جائیدادیں وقف بورڈ کو دے دی گئی تھیں لیکن اب حکومت بورڈ سے کچھ اہم دستاویزات دکھانے کو کہہ رہی ہے، جس میں یہ بتایا جائے کہ وہ ان جائیدادوں کو اپنے پاس کیوں رکھیں؟ وقف بورڈ نے ہائی کورٹ سے مدد طلب کی لیکن بورڈ کو اس مقصد میں کامیابی نہیں ملی۔
دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین اور عآپ (عام آدمی پارٹی) کے ایم ایل اے امان اللہ خان کو ایک خط بھیج کر اس فیصلے کی اطلاع دی گئی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اگر بورڈ کچھ جائیدادوں کا دعویٰ کرنا چاہتا ہے تو اسے صحیح کاغذی کارروائی دکھانی ہوگی۔