اصلاح نہ کی گئی تو اقوام متحدہ کا ادارہ متروک ہوجائے گا، ہندوستانی وزیر خارجہ
ہندوستان کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اگر اقوام متحدہ میں اصلاح نہ کی گئی تو یہ بین الاقوامی ادارہ متروک ہو جائے گا۔
سحرنیوز/ ہندوستان: اطلاعات کے مطابق ہندوستان کے وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے خبردار کیا کہ اگر اقوام متحدہ نے اپنے اسٹرکچر میں اصلاحات کے خلاف مزاحمت جاری رکھی تو وہ آخرکار ایک "متروک" ادارہ بن جائے گا۔
ہندوستان کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اگر اقوام متحدہ کی حیثیت کو پامال کیا گیا اور اس کی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا تو کوئی بھی اس ادارے کے پاس حل تلاش کرنے نہیں جائے گا بلکہ ہر کوئی اس ادارے سے باہر اپنا حل تلاش کرے گا۔
ایس جے شنکر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کو بسوں کی سیٹوں پر بیٹھے مسافروں سے تشبیہ دی کہ جو ضرورت مندوں کو دیکھ کر بھی اٹھنے سے انکار کرتے ہیں کہا کہ حالیہ برسوں میں اقوام متحدہ پر اصلاحات اور اس میں تبدیلی لانے کے لیے دباؤ بڑھ گیا ہے اور یہ ضروری ہے کہ یہ عالمی ادارہ اس پیغام کو سمجھے۔
اس ہندوستانی وزیر نے سلامتی کونسل میں بر اعظم افریقہ، لاطینی امریکہ اور دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک کے طور پر ہندوستان کے نمائندے کی عدم موجودگی پر تنقید کی اور اقوام متحدہ کے منتظمین کو مخاطب کرکے انہیں خبردار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ یہ صورتحال کب تک جاری رہے گی؟
دنیا کے بہت سے ممالک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ممبران کے ویٹو کے حق کو دوسرے ممالک کے حقوق کی خلاف ورزی کا ذریعہ قرار دیتے ہیں۔