لوک سبھا کے اراکین کا شکریہ، نریندر مودی
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے خواتین ریزرویشن بل بھاری اکثریت سے پاس کرنے پر لوک سبھا کے اراکین کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ کل ہندوستان کے پارلیمانی سفر کا وہ لمحہ ایک سنہری پل تھا جب خواتین ریزرویشن بل بھاری اکثریت سے پاس ہوا۔ انھوں نے کہا کہ اس لمحے کو سنری بنانے میں ایوان کے سبھی اراکین، سبھی جماعتوں کے ممبران اورسبھی پارٹیوں کے لیڈران شامل ہیں چاہے وہ ایوان اندرموجود ہوں یا ایوان میں نہ ہوں۔ انھوں نے کہا کہ راجیہ سبھا سے بھی اس بل کے پاس ہونے اور اس کے نفاذ سے ہندوستان کا مزاج بدلے گا اور ملک نئی بلندیوں پر پہنچے گا۔یاد رہے کہ خواتین ریزرویشن بل بدھ کی رات پارلیمنٹ کے ایوان زیرین لوک سبھا میں دو تہائي سے زیادہ اکثریت سے پاس ہوگیا۔بل کے حق میں چار سو چون اور مخالفت میں صرف دو ووٹ پڑے خواتین ریزرویشن بل پر ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں بحث جاری ہے اور امید ہے کہ یہاں سے بھی یہ بل بھاری اکثریت سے پاس ہوجائے گا کیونکہ مرکزی حکومت کے پیش کردہ اس بل کی کانگریس سمیت اپوزیشن کی تقریبا سبھی پارٹیوں نے حمایت کا اعلان کیا ہے
.