Sep ۲۵, ۲۰۲۳ ۲۰:۲۰ Asia/Tehran
  • پاکستان کرکٹ ٹیم کو ہندوستان کے ویزے جاری ہوگئے ہیں

پاکستان کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ 2023 میں شرکت کے لئے ہندوستان کے ویزے جاری کردیئے گئے ہیں۔اب جلد ہی پاکستان کرکٹ ٹیم ہندوستان پہنچ جائے گی۔

نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق حکومت ہندوستان نے بالآخر پاکستان کرکٹ ٹیم کو ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں شرکت کے لئے ہندوستان کے ویزے جاری کردیئے ہیں۔ پاکستانی ٹیم کو ویزے ملنے کی تصدیق پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان عمر فاروق نے کی ہے۔

بابر اعظم کی کپتانی میں پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے کے لئے اپنے مقررہ وقت کے مطابق ہندوستان پہنچے گی۔ اس سے پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویزا پریشانی کی وجہ سے ورلڈ کپ کے لئے قومی ٹیم کے دورہ ہندوستان میں تاخیر پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے ٹیم کی تیاری متاثر ہو رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ہندوستانی حکومت سے کلیئرنس ملنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کو منگل کی صبح تک ویزا لگے پاسپورٹ دے دیئے جائیں گے۔ اسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمیشن  نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس پیش رفت سے آگاہ کردیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کو ویزے جاری کئے جارہے ہیں اور جلد ہی اسکواڈ ممبران کو پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات مل جائیں گی۔

اطلاعات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم بدھ کی صبح ہندوستان کےلیے روانہ ہوگی جہاں وہ 29 ستمبر کو حیدر آباد میں پہلا وارم اپ میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

 

ٹیگس