Oct ۰۵, ۲۰۲۳ ۰۹:۳۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان: سکم میں سیلاب سے 14 افراد ہلاک، 22 فوجیوں سمیت 100 سے زائد لاپتہ

شدید بارش کی وجہ سے دارجلنگ اور سلی گڑی میں بھی سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ تیستا ندی نے بھیانک شکل اختیار کرلی ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: سکم میں بادل پھٹنے کے بعد دریائے تیستا میں اچانک سیلاب کی وجہ سے ہرسو تباہی کا منظر ہے۔ جبکہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق سیلاب سے 14 افراد ہلاک اور22 فوجی اہلکاروں سمیت 102 افراد لاپتہ ہیں۔  جبکہ ایک فوجی اہلکار کو بچا لیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ شمالی سکم میں لوناک جھیل پر منگل کی رات اچانک بادل پھٹنے کی وجہ سے دریائے تیستا میں اچانک سیلاب آ گیا تھا۔ تیستا سیلاب کے باعث لوناک جھیل کا تقریباً 65 فیصد حصہ بہہ گیا۔ دریا کے کنارے بنایا گیا آرمی کیمپ بھی سیلاب کی زد میں آ گیا جس کے باعث فوجی اہلکار بھی پانی میں بہہ گئے اوروہاں کھڑی تقریباً 41 گاڑیاں بھی پانی میں ڈوب گئیں۔

دوسری طرف شدید بارش کی وجہ سے دارجلنگ اور سلی گڑی میں بھی سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ تیستا ندی نے بھیانک شکل اختیار کرلی ہے۔ پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے کلمپونگ نیشنل ہائی وے کا کچھ حصہ بہہ گیا جس کی وجہ سے بنگال کا سکم سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ شمالی بنگال کے دیگر علاقوں میں بھی سیلاب کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے اگلے 48 گھنٹوں میں شمالی اور جنوبی بنگال میں شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

ٹیگس