ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان جاری کشیدگی کا اثر گروپ بیس کے اجلاس پر
ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان جاری کشیدگی کا اثر گروپ بیس کے اجلاس پر بھی پڑا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان جاری کشیدگی کے پیش نظر کینیڈا کی سینیٹ کے چیئرمین نے کہا ہے کہ وہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں پائی جانے والی کشیدگی کی بنا پر نئی دہلی میں گروپ بیس کے پارلیمانی سربراہوں کے منعقدہ اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔
کینیڈا کی سینٹ کے دفتر نے نئی دہلی میں تشکیل پانے والے گروپ بیس کے اجلاس میں شرکت نہ کئے جانے کی وجہ کے بارے میں مزید کچھ بتانے سے گریز کیا۔
نئی دہلی میں منعقدہ یہ دو روزہ اجلاس آج سے شروع ہوا ہے۔ ہندوستانی حکام نے بھی اس اجلاس میں کینیڈا کی عدم شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کینیڈا کی جانب سے اجلاس میں شرکت نہ کئے جانے کی وجہ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
اس سے قبل ہندوستانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اوم برلا نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ کینیڈا کی سینیٹ کے چیئرمین نے نئی دہلی اجلاس میں اپنی شرکت کے بارے میں رضامندی ظاہر کی ہے۔
ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان تعلقات میں اس وقت کشیدگی پیدا ہوئی جب کینیڈا کے وزیراعظم نے ہندوستان کی حکومت پر کینیڈا میں خالصتانی تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا جبکہ ہندوستان کی حکومت نے اس الزام کی سختی سے تردید کی۔
خالصتانی تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ کو اٹھارہ جون کو کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں وینکوور کے قریب قتل کر دیا گيا تھا۔