ہندوستان میں ایک بار پھر فلسطین کی حمایت میں مظاہرہ، اسرائیل اور امریکہ کے جھنڈوں کو پیروں تلے روندا
ہندوستان کے جنوبی شہر حیدرآباد میں فلسطین کی حمایت میں مظاہرہ کیا گیا جس میں مظاہرین نے اسرائیل اور امریکہ کے جھنڈوں کو اپنے پیروں تلے روندا۔
سحرنیوز/ ہندوستان: غزہ کے نہتے عوام کے خلاف غاصب اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت کی مذمت اور فلسطین کی حمایت میں دنیا کے مختلف ممالک اور شہروں میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان مظاہروں میں شریک افراد اسرائیل اور امریکہ سے اپنی نفرت و بیزاری کا اظہار کررہے ہیں اور فلسطین کے ساتھ یکجہتی اور اس کی حمایت کا اعلان اور اعادہ کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں آج بدھ کو فلسطین کی حمایت میں ہندوستان میں ایک بار پھر مظاہرہ ہوا ہے۔ یہ مظاہرہ جنوبی ریاست تلنگانہ کے صدر مقام حیدر آباد میں ہوا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق حیدرآباد میں مسلم خواتین نے فلسطین کی حمایت اور غاصب اسرائيل کے خلاف مظاہرہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق مسلم خواتین شہر کے درگاہ میدان میں جمع ہوئیں اور انہوں نے فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
رپورٹ کے مطابق احتجاج کے مقام پر غاصب اسرائیل اور امریکہ کے جھنڈے پڑے ہوئے تھے اور مظاہرہ کرنے والی خواتین نے اسرائیل اور امریکہ کے جھنڈوں کو اپنے پیروں تلے روندا۔ رپورٹ کے مطابق اس مظاہرے کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے۔