Nov ۰۶, ۲۰۲۳ ۲۱:۰۱ Asia/Tehran
  • فلسطین پر غاصب اسرائیلی فوج کے حملوں کے خلاف  بہار میں اب تک کا سب سے بڑا مظاہرہ

ہندوستان کی ریاست بہار میں اسرائیل کے خلاف ریاست میں ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا مظاہرہ ہوا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ریاست بہار کے چمپارن علاقے میں "آل انڈیا کھیت و دیہی مزدور سبھا" نامی زراعت اور دیہی مزدوروں سے متعلق ایک کل ہند تنظیم کی ساتویں ریاستی کانفرنس منعقد ہوئی۔

ہندوستان کی سرکاری خبری رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کانفرنس کا آغاز فلسطین پر جاری غاصب اسرائیل کے حملوں کے خلاف بہار کی سرزمین پر ہونے والے اب تک کے سب سے بڑے مظاہرے سے ہوا۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے خلاف ہونے والے مظاہرے میں بڑی تعداد میں مردوں اور عورتوں نے شرکت کی۔

مظاہرین کے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ تھے جن پر فلسطین پر اسرائیلی حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا گيا تھا۔ علاوہ ازیں خود مظاہرین بھی فلسطین پر حملے بند کرو، غزہ پٹی میں بچوں اور خواتین کا قتل بند کرو اور ہم جنگ نہیں امن نہیں چاہتے ہیں، جیسے نعرے لگا رہے تھے۔

رپورٹ کے مطابق سی پی آئی (ایم ایل) کے جنرل سیکریٹری کامریڈ دیپانکر بھٹاچارجہ نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین پر جاری اسرائیلی حملے جنگ نہیں نسل کشی ہے، اسے ہر حال میں روکا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین میں اب تک 10 ہزار سے زیادہ افراد کو قتل کیا جاچکا ہے جن میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے، خوراک اور ادویات کی سپلائی بھی بند کر دی گئی ہے نیز اسپتالوں، رہائشی مکانات اور عبادت گاہوں کو بھی بمباری کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

 

ٹیگس