Nov ۱۶, ۲۰۲۳ ۱۳:۴۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان: اتراکھنڈ سرنگ حادثہ، ناروے اور تھائی لینڈ کے ماہرین کی مدد حاصل کی جا رہی ہے۔

ہندوستان کی ریاست اتراکھنڈ میں حادثے کا شکار سرنگ میں 40 مزدور ابھی بھی پھنسے ہوئے ہیں، ان کی جان بچانے کی کوششیں جنگی پیمانے پر جاری ہیں۔

سحر نیوز/ ہندوستان: اتراکھنڈ میں اترکاشی کی زیر تعمیر سلکیارا سرنگ میں پھنسے 40 مزدوروں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں اور دہلی سے بدھ کے روز خصوصی طیارے کے ذریعہ آگر مشین کو جائے وقوعہ پہنچایا گیا۔ ہندوستانی فضائیہ کے تین خصوصی طیارے بھی 25 ٹن وزنی مشینوں کو لے کرحادثے والی جگہ پہنچے ہیں۔ ان مشینوں کی مدد سے ہر گھنٹے پانچ میٹر تک ملبا نکالا جا رہا ہے تاکہ 900 ایم ایم کا پائپ دوسری طرف پہنچایا جا سکے۔

امدادی کارروائی مشن کے انچارج کرنل دیپک پاٹل نے بتایا کہ امریکہ میں بنائی گئی جیک اینڈ پش ارتھ آگر مشین بہت جدید ہے جو بہت تیزی سے کام کرے گی۔ اب ملٹری آپریشن ٹیم بھی ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں شامل ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ سرنگ میں پھنسے مزدوروں کو نکالنے کے لیے ناروے اور تھائی لینڈ کے ماہرین کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔ ریسکیو ٹیم نے تھائی لینڈ کی ایک ریسکیو کمپنی سے رابطہ کیا ہے۔ کچھ عرصہ قبل اسی کمپنی نے تھائی لینڈ کی غار میں پھنسے بچوں اور ان کے فٹ بال کوچ کو بچایا تھا۔ ریسکیو ٹیم نے ناروے کی این جی آئی ایجنسی سے بھی رابطہ کیا ہے تاکہ سرنگ کے اندر آپریشن کے لیے تجاویز حاصل کی جا سکیں۔

واضح رہے کہ سرنگ حادثہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات کو پیش آیا تھا جب زیر تعمیر سرنگ کا ایک بڑا حصہ اچانک دھنس گیا تھا اور سرنگ میں کام کر رہے چالیس مزدور سرنگ کے اندر پھنس گئے تھے۔سرنگ میں پھنسے لوگوں کو پائپ وغیرہ کے ذریعہ کھانا، پانی اور آکسیجن کی فراہمی کی جا رہی ہے۔مقامی پولیس نے سرنگ میں پھنسے لوگوں کے حوصلے بڑھانے کے لیے ان میں سے بعض مزدوروں کو پائپ کے ذریعے ان کے اہل خانہ سے بات کرنے کا انتظام کیا تھا۔ پولیس نے ایک پائپ کے ذریعہ بعض مزدوروں کے اہل خانہ سے ان کی بات کروائی۔

حکومت کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق سرنگ کے اندر پھنسے مزدوروں میں 2 کا تعلق اتراکھنڈ سے، ایک کا ہماچل، 4 کا بہار، 3 کا مغربی بنگال،8 کا اتر پردیش، 5 کا اڑیسہ، 15 مزدوروں کا تعلق جھارکھنڈ اور2 مزدوروں کا تعلق آسام سے ہے۔

 

ٹیگس