Dec ۰۵, ۲۰۲۳ ۱۵:۰۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان: قطر میں بحریہ کے سابق اہلکاروں کی گرفتاری پر التوا کا نوٹس

لوک سبھامیں کانگریس نے سمندری طوفان میچونگ اور قطر میں بحریہ کے سابق اہلکاروں کے مسائل پر التوا کا نوٹس پیش کیا۔

سحر نیوز/ ہندوستان: کانگریس لیڈر منیش تیواری نے قطر میں قید ہندوستانی بحریہ کے ریٹائرڈ اہلکاروں کے بارے میں بحث کے لیے التوا کا نوٹس پیش کیا، جس میں انہوں نے لکھا کہ میں فوری اہمیت کے حامل ایک خاص معاملہ پر بحث کے مقصد سے ایوان کی کارروائی کو ملتوی کرنے کی تحریک پیش کرنے کی اجازت طلب کرتا ہوں تاکہ ایوان وقفہ صفر، وقفہ سوالات کو معطل کر کے، ہندوستانی بحریہ کے ریٹائرڈ اہلکاروں کے بارے میں بحث کرے، جو کہ قطر میں قید ہیں۔ قطر کی عدالت نے انہیں رواں سال چھبیس اکتوبر کو سزا سنائی ہے۔

لوک سبھا میں پیر کے روز کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے بھی یہ مسئلہ اٹھایا اور مطالبہ کیا کہ حکومت قطر کی عدالت سے سزائے موت پانے والے بحریہ کے آٹھ سابق افسران کو واپس لانے کے لیے ہر وسائل کا استعمال کرے۔

در ایں اثنا کانگریس لیڈر مانیکم ٹیگور نے اپنے التوا کے نوٹس میں کہا کہ میں فوری اہمیت کے ایک خاص معاملے پر بحث کے مقصد سے ایوان کی کارروائی کو ملتوی کرنے کی تحریک پیش کرنے کے لیے التوا کی اجازت طلب کرنے کے اپنے ارادے کا نوٹس دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ چنئی میں دو دنوں میں بارشوں سے عوامی املاک اور بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ پانی کی وجہ سے ہوائی اڈوں کے بند ہونے پر رن وے اور سائیکلون میچونگ جیسی قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تیاری کی ضرورت پر پارلیمنٹ میں صورتحال پر بحث کئے جانے کی ضرورت ہے-

واضح رہے کہ سائیکلون طوفان میچونگ نے چنئی اور اس کے پڑوسی اضلاع میں بھیانک تباہی مچا دی ہے۔ اتوار کی صبح سے چار سو سے پانچ سو ملی میٹر بارش ہوئی، شہر کی تمام سترہ سب ویز پانی میں ڈوب گئیں۔ اب تک آٹھ اموات کی اطلاع ملی ہے- سرمائی اجلاس پیر چار دسمبر کو شروع ہوا اور بائیس دسمبر کو ختم ہوگا۔

ٹیگس