ہندوستانی پارلیمنٹ میں افراتفری، ہنگامہ کرنے والوں کا گیٹ پاس بی جے پی رکن پارلیمان کے ذریعہ بنوایا گیا تھا + ویڈیو
ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا کی سیکورٹی میں آج بڑی چوک اور کوتاہی کی خبریں سامنے آئیں۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات موصول ہوئی ہیں۔
سحر نیوز/ ہندوستان: دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستانی پارلیمنٹ پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کی 22 ویں برسی کے موقع پر آج بدھ کے روز ایوان زیریں لوک سبھا کی کارروائی کے دوران دو نوجوانوں نے وزیٹرس گیلری سے ایوان میں کود کر ہنگامہ کھڑا کردیا۔ دونوں کے ہاتھوں میں گیس کنستر تھے اور انہوں نے کودتے ہی پیلی گیس چھوڑنی شروع کردی تھی۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق آج پارلیمنٹ میں ہنگامہ مچانے آئے نوجوانوں کا گیٹ پاس میسور سے بی جے پی رکن پارلیمان پرتاپ سمہا کے ذریعہ بنوایا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق کل 4 افراد تھے جن میں سے دو پارلیمنٹ کے اندر تھے اور ایک خاتون سمیت دو باہر تھے جو احتجاج کر رہے تھے۔ احتجاج کرنے والے "بھارت ماتا کی جے" اور "تانا شاہی (آمریت) نہیں چلے گی" کے نعرے لگا رہے تھے۔
اس واقعے کے فورا بعد ایوان کی کارروائی دوپہر دو بجے تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔ واقعے کے دوران بی جے پی کے رکن پارلیمان راجندر اگروال ایوان کی صدارت کر رہے تھے۔ دوپہر کے بعد خود اسپیکر اوم برلا نے صدارت کی اور بتایا کہ اس واقعے کے بارے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔