Dec ۱۵, ۲۰۲۳ ۱۸:۳۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان: بھجن لال شرما راجستھان کے نئے وزیراعلیٰ بن گئے، دو نائب وزرائے اعلیٰ نے بھی حلف لیا

ہندوستان کی ریاست راجستھان میں آج بھجن لال شرما نے وزیراعلیٰ اور دیا کماری اور پریم چند بیروا نے نائب وزرائے اعلیٰ کے طور پرعہدے اور رازداری کا حلف لے لیا۔

سحر نیوز/ ہندوستان: راجستھان کے دارالحکومت جے پور کے البرٹ ہال میں منعقدہ حلف برداری تقریب میں ریاستی گورنر کلراج مشرا نے پہلی بار ریاستی اسمبلی کے لئے منتخب ہونے والے بھجن لال شرما کو وزیر اعلیٰ کے عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ بھجن لال کے ساتھ دو نائب وزرائے اعلیٰ دیا کماری اورپریم چند بیروا نے بھی عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق حلف برداری تقریب میں وزیراعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، بی جے پی صدر جے پی نڈا، وزیردفاع راج ناتھ سنگھ اور بے جے پی کے کئی دیگر سینئر لیڈروں نے شرکت کی۔

قابل ذکر ہے کہ راجستھان میں ہونے والے حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے 115 سیٹوں پر جیت حاصل کی ہے اور  کانگریس کو 69 سیٹیں ملی ہیں۔ ریاست کی دو سو میں سے 199 سیٹوں پر انتخابات ہوئے تھے۔ ایک سیٹ پر امیدوار کی موت کی وجہ سے الیکشن کو ملتوی کردیا گیا تھا۔

بھجن لال شرما سانگانیر سے ایم ایل اے ہیں۔ بی جے پی نے انہیں پہلی بار جے پور کے سانگانیر جیسی محفوظ سیٹ سے الیکشن لڑوایا تھا۔ موجودہ ایم ایل اے اشوک لاہوتی کا ٹکٹ کاٹ کر بھجن لال شرما کو امیدوار بنایا گیا تھا۔ بھجن لال شرما نے کانگریس کے پشپیندر بھاردواج کو 48081 ووٹوں سے شکست دی تھی۔

 

ٹیگس