Dec ۱۷, ۲۰۲۳ ۱۹:۴۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان: دنیا کے سب سے بڑے آفس کمپلیکس کا افتتاح

ہندوستان کی ریاست گجرات میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں دنیا کے سب سے بڑے آفس کمپلیکس کا افتتاح  ہوگیا۔

سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اتوار کو گجرات میں دنیا کے سب سے بڑے کارپوریٹ آفس ہب سورت ڈائمنڈ بورس (Surat Diamond Bourse) اور سورت ہوائی اڈے کی نئی ٹرمنل بلڈنگ کا افتتاح کردیا۔ سورت ڈائمنڈ بورس بین الاقوامی ہیروں اور زیورات کی تجارت کے لئے دنیا کا سب سے بڑا اور جدید مرکز ہوگا۔

ادھر سورت ہوائی اڈے کی نئی ٹرمنل بلڈنگ سب سے مصروف اوقات کے دوران 1,200 گھریلو مسافروں اور 600 بین الاقوامی مسافروں کی پذیرائی کے قابل ہے۔ اس مدت میں اس کی گنجائش 3,000 مسافروں تک بڑھانے کا انتظام ہے۔ وہیں اس ہوائی اڈے کی مسافروں کی سالانہ پذیرائی کی صلاحیت اب بڑھ کر 55 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

تقریباً 3400 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس بورس سے دنیا کے 175 ممالک کے تاجروں کو سورت میں پالش شدہ ہیروں کی خریداری کے لیے ایک منفرد پلیٹ فارم مل جائے گا۔

دنیا کے سب سے بڑے کارپوریٹ آفس ہب کی افتتاحی تقریب میں ریاست گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل اور مرکزی و ریاستی وزرا، ڈائمنڈ بورس کے چیئرمین ولبھ بھائی لاکھانی اور ڈائریکٹر ماتھر بھائی سوانی بھی موجود تھے۔

سورت ہیرے کی تیاری کے میدان میں پوری دنیا میں مشہور ہے، اس بازار کے بننے کے ساتھ ہی سورت اب ہیروں کی تجارت کا بھی مرکز بن جائے گا۔

 

ٹیگس