Dec ۲۰, ۲۰۲۳ ۱۳:۲۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان: وزیر اعظم مودی ملک میں واحد پارٹی حکومت قائم کرنے کے خواہاں، حزب اختلاف کے رہنما کھڑگے

ہندوستان کی حزب اختلاف کے رہنما اور کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ وزیر اعظم مودی اور بی جے پی ملک میں واحد پارٹی حکومت قائم کرنا چاہتے ہیں۔

سحر نیوز/ ہندوستان: دہلی سے میڈیا رپورٹوں کے مطابق پارلیمنٹ کی سیکورٹی میں لاپروائی کے واقعہ پر اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کے بعد پارلیمنٹ سے 141 اراکین کو معطل کئے جانے کے سلسلے میں حزب اختلاف کے رہنما اور  کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے مودی حکومت کو سخت ہدف تنقید بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی اور بی جے پی ملک میں سنگل پارٹی راج قائم کرنا چاہتے ہیں اور اسی کے لیے اراکین پارلیمان کو معطل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر لکھا کہ 141 اراکین پارلیمان کو معطل کر دیا گیا ہے کیونکہ وہ وزیر داخلہ سے دراندازوں کے داخلے پر بیان چاہتے تھے لیکن بی جے پی کے اراکین پارلیمان کو، جنہوں نے ان کے داخلے میں سہولت فراہم کی تھی، بچا لیا گیا ہے۔ یہ کس قسم کی تحقیقات ہیں؟

ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ بظاہر درانداز مہینوں سے اس کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور پوچھا کہ اس بڑی انٹیلی جنس ناکامی کا ذمہ دار کون ہے؟ کھڑگے نے حیرت کا اظہار کیا کہ پارلیمنٹ کی کثیرالجہتی سیکورٹی کو دیکھتے ہوئے، دو درانداز اپنے جوتوں میں چھپے پیلے رنگ کے گیس کے کنستروں کے ساتھ عمارت میں داخل ہونے اور ہندوستان کی جمہوریت کے مقدس مقام تک پہنچنے میں کیسے کامیاب ہوئے؟

کانگریس صدر نے کہا کہ اس شرمناک حفاظتی کوتاہی کے لیے اعلیٰ عہدوں پر فائز افراد کو سزا دینے کے بجائے انہوں نے اراکین پارلیمان کے جمہوری حقوق چھین لیے ہیں اور اس طرح جوابدہی سے بچ رہے ہیں۔

ٹیگس