Dec ۲۱, ۲۰۲۳ ۲۰:۲۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان: کورونا سے گزشتہ 24 گھنٹے میں 6 افراد کی موت، 350 سے زیادہ نئے کیس

ہندوستان میں کورونا وائرس نے ایک بار پھر سر اٹھانا شروع کردیا ہے اور تیزی کے ساتھ لوگوں کو متاثر کر رہا ہے۔ ملک میں اس وائرس سے مزید 6 افراد کی جان چلی گئی۔

سحر نیوز/ ہندوستان: دنیا کے مختلف ممالک میں ایک بار پھر کورونا نے سر اٹھانا شروع کردیا ہے اور ہندوستان میں بھی اب کورونا کی رفتار خوف زدہ کرنے لگی ہے۔ دہلی سے میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 6 افراد کی موت ہوئی ہے اور 350 سے زیادہ نئے کیس سامنے آئے ہیں جن میں 300 کیس صرف ایک ریاست کیرالہ میں درج کئے گئے ہیں اور نئی 6 اموات میں سے تین کا تعلق بھی کیرالہ سے ہے۔ پنجاب میں ایک موت اور 2 اموات کرناٹک میں ہوئی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ہندوستان میں فعال کیس اب 2669 ہوگئے ہیں اور گزشتہ 2 ہفتے میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 20 سے زیادہ ہوگئی ہے۔ ہندوستان کی مرکزی وزارت صحت کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 358 کیس سامنے آئے ہیں۔

ہندوستان میں کورونا کی نئی ذیلی قسم جے این-1 (JN.1) کے کیس بھی سامنے آئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اب تک ہندوستان میں اس نئی قسم کے 21 کیس درج ہوئے ہیں۔ کووڈ سب ویرینٹ JN.1 کے نئے کیسوں میں سے 19 کیس گوا میں رپورٹ ہوئے جبکہ کیرالااور مہاراشٹر میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

مرکزی حکومت نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے کہا ہے کہ وہ ملک میں کورونا وائرس اور اس کی ذیلی قسم کے پھیلنے کے پیش نظر حالات پر نظر رکھیں۔ مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ نے ملک بھر میں صحت کی سہولیات کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور کورونا وائرس کی ابھرتی ہوئی شکلوں کے بارے میں چوکنا رہنے پر زور دیا۔

ٹیگس