Dec ۲۲, ۲۰۲۳ ۲۱:۱۴ Asia/Tehran
  • دہلی میں مودی حکومت کے خلاف

آج جمعہ کو دہلی میں پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے 146 اراکین پارلیمان کی معطلی کے خلاف "انڈیا" اتحاد نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔

سحر نیوز/ ہندوستان: دہلی کے جنتر منتر پر آج "انڈیا" اتحاد کا زبردست احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ یہ مظاہرہ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے 146 اراکین پارلیمان کی معطلی کے خلاف تھا۔ اس مظاہرے میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی، این سی پی صدر شرد پوار، بایاں محاذ لیڈر سیتارام یچوری اور آر جے ڈی رکن پارلیمان منوج جھا وغیرہ نے شرکت کی۔

دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق اس احتجاجی مظاہرے سے خطاب کے دوران کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے مرکز کی مودی حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ "جتنا آپ ہمیں کچلنا چاہیں گے، ہم اتنا ہی اوپر اٹھیں گے۔ ہم ملک کو بچانے کے لیے متحد ہو کر لڑیں گے۔" انھوں نے مزید کہا کہ "آئین کے اعلیٰ عہدے پر بیٹھنے والے لوگ کہتے ہیں کہ میری ذات کے سبب میری بے عزتی کی جا رہی ہے۔ اگر آپ کی حالت یہی ہے تو میرے جیسے دلت کی حالت کیا ہوگی؟"

ملکارجن کھڑگے نے پارلیمنٹ کی کارروائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "ہمارے آئین کے مطابق سبھی کو بولنے کا حق حاصل ہے۔ جب ہم پارلیمنٹ میں نوٹس دیتے ہیں تب ہمیں نوٹس پڑھنے کا بھی موقع نہیں دیا جاتا ہے۔ آپ ہم سے ہمارے بولنے کے حق کو نہیں چھین سکتے۔ یہ آزادی ہمیں جواہر لال نہرو اور مہاتما گاندھی سے ملی ہے۔ آپ اپوزیشن اراکین پارلیمان کو معطل کر دیتے ہیں اور بغیر بحث کے قانون پاس کرتے ہیں۔"

 

ٹیگس