Jan ۰۶, ۲۰۲۴ ۱۷:۳۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان: مسلمانوں سے ملک میں امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل

ہندوستان کی ملی تنظیموں اور اہم شخصیات نے رام مندر سے متعلق مجوزہ تقاریب کے پیش نظر مسلمانوں سے ملک میں امن و امان بر قرار رکھنے  کی اپیل کی ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: دہلی سے میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے علاقے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے جو اختتامی مراحل میں ہے۔ آئندہ 22 جنوری کو رام مندر کا افتتاح بھی ہونا ہے اور افتتاحی تقاریب کی تیاریاں بھی بڑے پیمانے پر جاری ہیں۔

مبینہ طور پر مرکزی حکومت، اترپردیش حکومت اور ایودھیا انتظامیہ رام مندر سے متعلق مجوزہ تقاریب کو سرکاری سطح کے پروگرام کی طرح منعقد کئے جانے کے لئے سرگرم ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ مرکز کی بی جے پی حکومت اس مذہبی تقریب کے ذریعہ سیاسی مفاد حاصل کرنے کی پوری کوشش میں مصروف ہے۔

اطلاعات کے مطابق اسی صورت حال کے پیش نظر ہندوستان کی سرکردہ اور سرگرم ملی تنظیموں نے مسلمانوں سے ملک میں امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ ہندوستان کی ملی تنظیموں کے رہنماؤں نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں عین انتخابات سے پہلے ملک گیر پیمانے پر تقاریب کے انعقاد اور سرکاری سرپرستی فراہم کرنے پر سوال اٹھائے ہیں۔ بیان میں اس اقدام کو منصفانہ انتخابات کی روح کے منافی قرار دیا ہے۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کو مشتعل کرنے کی کوششیں ہوسکتی ہیں لیکن ہمیں ان حالات سے مایوس نہیں ہونا چاہئے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہمیں صبر و تحمل کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہئے۔ اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر نامناسب مباحث اور اشتعال انگیز ویڈیو یا مواد کو فارورڈ کرنے سے بھی سختی سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

مشترکہ بیان جاری کرنے والی شخصیات میں صدر جمعیت علمائے ہند، امیر جماعت اسلامی ہند، صدر آل انڈیا علما مشائخ بورڈ اور صدر ویلفیئر پارٹی آف انڈیا شامل ہیں۔

 

 

ٹیگس